عالمی بنک نے معاشی تبدیلی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کا مقصد پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اس خواہش کا اظہار جنوبی ایشیاء کیلئے عالمی بنک کے علاقائی نائب صدر مارٹن ریزر نے کیا جنہوں نے آج(بدھ) اسلام آباد میں کنٹری نمائندے ناجی بن حسین سمیت ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔
فریقین نے ملکی شراکت داری کے نئے تیز تر لائحہ عمل پرکام کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی میں عالمی بنک کے کردار کوسراہا۔
انہوں نے وفد کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے بریفنگ دی جن میں ٹیکس کے پورے نظام کو Digitize کرنا، بجلی کے شعبے میں اصلاحات، زرعی شعبے میں فی ایکٹر پیداوار بڑھانا اور بچوں میں جسمانی کمزوری کے مسئلے کو حل کرنا شامل ہے۔
فریقین نے طویل المدتی مرکوز شراکت داری کے حوالے سے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں پیشرفت کے تعین اور مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی بنانے کیلئے سالانہ جائزہ طریقہ کار شامل ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم عالمی بنک کے کنٹری نمائندے ناجی بن حسین اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ پر دستخطوں کی تقریب میں بھی موجود تھے۔