اطلاعات ونشریات کے وزیر عطا اﷲ تارڑ نے کہاہے کہ قوم سانحہ نو مئی کے حملہ آوروں کو بھولی نہیں ہے اور ملک کے خلاف اس قسم کے مجرمانہ اقدامات کودہرانے کی اجازت نہیں دے گی۔
آج(بدھ) شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وزیر نے کہاکہ نومئی کو پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طورپر یاد رکھاجائے گا کہ جب ایک شر پسند سیاسی ٹولے نے سازش کرتے ہوئے پاکستان کی سا لمیت ، سلامتی اور ترقی پرحملہ کیا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ سانحہ نو مئی کے حملہ آوروں کے خلا ف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور عدالتوں کوان مجرموں کے خلاف مقدمات تیزی سے نمٹانے چاہئیں۔
عطا اللہ تارڑ نے نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ ان شرپسند اور ملک دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں خلل ڈالنے کیلئے افراتفری اور انتشار پیدا کررہے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ یادگار شہداء کی بے حرمتی کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے۔
عطاللہ تارڑ نے بتایا کہ کل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہورہا ہے جس سے وزیراعظم خطاب کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء بھی شرکت کریںگے۔
وزیراعظم شہبازشریف کل سانحہ نو مئی کے حوالے سے کنووینشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرینگے۔