Monday, 20 May 2024, 01:57:52 am
وزیر خارجہ کا تاجروں پرافریقی ممالک میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور
May 08, 2024

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ افریقی ممالک میں وسیع تر کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے اِن خیالات کا اظہار سعودی عرب اور گیمبیا کے حالیہ دورے کے اختتام پر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے معاشی سفارت کاری پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کو جراحی کے آلات ادویات اور دیگر مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کی استعداد سے استفادہ کرنے کیلئے گیمبیا کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے عالمی سطح پر اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیری عوام کے لئے اپنی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کرے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی زیرنگرانی رائے شماری کے ذریعے اپنا حق خودارادیت حاصل کرسکیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل گھڑی میں افغانستان کے لئے ہمیشہ ہر ممکن تعاون فراہم کیا تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی جس پر پاکستان کوگہری تشویش ہے۔