Monday, 20 May 2024, 07:10:43 pm
کسی کو شہدا انکے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی نہیں کرنے دیں گے، آرمی چیف
May 09, 2024

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ان دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے جو ڈیجیٹل دہشت گردی میں ملوث ہیں اور مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

آج(جمعرات) لاہور میں افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو دوبارہ یقین دلایا کہ کسی کو شہدا انکے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی نہیں کرنے دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بلا شبہ نو مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کو باالخصوص شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ایسے شرپسندوں نے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا جنہیں دانستہ طور پر اکسایا گیا تھا۔

آرمی چیف نے کہا کہ تشدد کی مجرمانہ منصوبہ بندی کی ان افسوسناک کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ یہ منظم گروہ کو جو ان مجرمانہ کاررروائیوں کے پیچھے حقیقی مقصد کو نہیں سمجھے انہیں منصوبہ سازوں کے سیاسی عزائم کیلئے استعمال کیا گیا انہیں عدالت عظمیٰ کے حکم پر پہلے ہی شک کا کافی فائدہ دیا جا چکا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ حقیقی کردار جو خود کو مظلوم ظاہر کر رہے ہیں اب اپنے افعال کیلئے جوابدہ ہوں گے خاص طور پر جب منظم تشدد اور تخریب کاری میں ان کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہوں۔

اس سے پہلے جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کی خاطر جانوں کی قربانی دی۔