Monday, 20 May 2024, 04:25:25 pm
پاکستان اورچین کااطلاعات اورثقافت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پراتفاق
May 09, 2024

پاکستان اور چین نے اطلاعات اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور چینی سفیر جیاننگ زائی ڈونگ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

فریقین نے ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کے آئندہ دورہ ٔ چین کے دوران چینی نیوز ایجنسی شنہوا اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے درمیان خبروں کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت چینی مصنوعات کی پاکستانی منڈیوں اور پاکستانی مصنوعات کی چینی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو پاکستان میں چین کے شہریوں کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

چینی سفیر نے اقتصادی ترقی کیلئے حکومتی معاشی اقدامات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب سفر جاری رکھے گا۔