Thursday, 10 September 2026, 02:32:51 pm
 
آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی، وزیراعظم
September 09, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پاکستان، حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

وہ آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خطے میں جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کشمیری بھائیوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے گی۔

سید افتخار علی گیلانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔