Monday, 20 May 2024, 11:03:03 pm
وزیرخزانہ کا کاروباری ماحول سازگار بنانے کے حکومتی عزم کا اظہار
May 10, 2024

 فائل فوٹو

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کاروباری ماحول کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے مزید سازگار بنانے کے حکومتی عزم کا اظہارکیا ہے ۔

یو کے پاکستان گرین انویسمنٹ فورم کے ایک آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور گرین انویسمنٹ کے مواقع کوفروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

فورم کا اہتمام پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے کیاتھا ۔

وزیر خزانہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا کردار کم ہے اس کے باوجود وہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خطرات سے دوچار ہے۔

موافقت، لچک اور تخفیف کے منصوبوں میں فنڈنگ کے نمایاں فرق کو تسلیم کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے اس تقسیم کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدلتے ہوئے موسم زرعی پیداوار کو متاثر کر رہے ہیں اور سیلابوں، طوفانوں اور گرمی میں اضافے جیسے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

فورم کا اہتمام کرنے پر برطانوی ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے سرسبز سرمایہ کاری کے منصوبوں کیلئے بہتر ڈیزائن کی ضرورت کو تسلیم کیا۔

وزیر خزانہ نے ماحولیات کے لئے بین الاقوامی رقوم جمع کرنے کے جدید طریقے استعمال کرنے کے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے منصوبوں کی مالی معاونت کیلئے رواں سال دسمبر تک ملکی گرین سکوک بانڈز جاری کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔