Tuesday, 21 May 2024, 01:40:55 am
صدرکا ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کاوشوں پر زور
May 10, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کاوشوں ، ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال، شجری کاری میں اضافے اور گیسوں کے اخراج میں کمی پر زوردیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل مختار بابایوف سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

صدر زرداری نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافہ سے گلشیئر پگھلنے اور پانی کی کمی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ان کے مضر اثرات کو روکا جا سکے۔

صدر نے آذربائیجان کے وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کوپ 29 کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیابی پر آذربائیجان کو مبارکباد دی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے لاکھوں ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کے جنگلات اگائے ہیں جس سے پاکستان کو کاربن کے ذخائر حاصل کرنے کے ساتھ ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

صدرنے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر مختار BABAYEV نے خصوصاً سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔