Tuesday, 15 September 2026, 02:56:24 pm
 
برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے ، وزیراعظم
September 15, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس امر پر زور دیا ہے کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے۔

اسلام آباد میں ملکی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کیلئے تیار کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تجارت کو متنوع بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورینس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدی صنعتوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں برآمدات کے فروغ کیلئے منظور شدہ اسٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کیلئے متعدد دوست ممالک سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات کو برآمدات میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی سرجیکل اور میڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے کیلئے بین الاقوامی ہسپتالوں کے ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔