Tuesday, 15 September 2026, 03:32:45 pm
 
پاکستان اور لبنان کا دہشت گردوں ،منشیات مافیاز کے خلاف کارروائی کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق
September 15, 2026

پاکستان اور لبنان نے سکیورٹی چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے اور دہشت گردوں اور منشیات کے مافیاز کے خلاف کارروائی کے لیے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں وزارت داخلہ میں پاکستان اور لبنان کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر داخلہ محسن نقوی جبکہ لبنانی وفد کی قیادت وزیر داخلہ احمد الحجار نے کی۔

ملاقات کے دوران سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی امیگریشن ، منی لانڈرنگ اور سائبر جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

پولیس اکیڈمیوں اور تربیتی پروگراموں کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کی امور داخلہ کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا ۔