Saturday, 04 May 2024, 09:51:50 am
ایرانی صدر کا پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا عزم
April 23, 2024

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران فنون اور سائنسز کے فروغ کے علاوہ آرٹس اور تربیت کے مراکز قائم کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے آرٹس، سائنسز اور ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو علوم کے حصول اور تحقیق کا مرکزہونا چاہیے۔ تعلیمی شعبے میں جامع حکمت عملی نفع بخش ثابت ہوسکتی ہے۔

علامہ اقبال کے حوالے سے انہوں نے کہا علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شاعری کو ایران میں بھی خاصی مقبولیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران فلسطین کے مسئلہ پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر رئیسی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

ایرانی صدر نے دورے کے دوران شاندار مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔