Saturday, 04 May 2024, 03:11:45 am
حکومت ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے کوشاں ہیں،وزیرخزانہ
April 23, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر نو سے دس ارب ڈالر تک ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں آج ساتویں اسلامک بزنس لیڈرز کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر آٹھ ارب ڈالر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹینڈ بائی معاہدے کے تحت آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کی آخری قسط سے زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب ڈالر سے زائد ہوجائیں گے۔

وزیر خزانہ نے فصلوں کی شاندار پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا زراعت کے شعبے کی ترقی میں پانچ فیصد اضافہ ہورہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ بھی بلند ترین سطح پر ہے اور غیر ملکی خریدار بھی مارکیٹ میں آرہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے معاشی واقتصادی استحکام لانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے ایک طویل مدتی پروگرام کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت کا آغاز کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے ذریعے آبادی میں اضافے کی شرح کی نگرانی پر زور دیا۔

 چیئرمین نے کہا کہ عالمی دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان کی معاونت کرنی چاہیے۔