Friday, 17 May 2024, 11:35:01 pm
وزیراعظم کی پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی جانب سے قرضے کی آخری قسط جاری کرنے پراطمینان کا اظہار
April 30, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لئے عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرضے کی آخری قسط جاری کرنے پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی اس قسط سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سولہ ماہ پر مشتمل ان کے گزشتہ دورحکومت میں عالمی مالیاتی فنڈ کا معاہدہ انتہائی اہم ثابت ہوا جس نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی تحفظ کے لئے کئے گئے مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج اقتصادی استحکام کی صورت میں ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضہ حاصل کرنے کو کسی حکومت کی کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ ادائیگی کے بعد قرضوں کے جال سے نکلنا حقیقی کامیابی ہو گی۔

وزیراعظم نے ملک کو قرض کے گرداب سے نکالنے اور خوشحالی مستقبل کیلئے درست سمت پر گامزن کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اس سے پہلے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے عارضی انتظام کے معاہدے کے تحت پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کے قرض کی آخری قسط کی منظوری دی۔

آئی ایم ایف نے معاہدے کے تحت آخری قسط کی فوری ادائیگی کی بھی منظوری دی جس سے معاہدے کے تحت مجموعی اقساط کی ادائیگی تقریباً تین ارب ڈالر ہو جائے گی۔