Friday, 17 May 2024, 06:19:06 am
سپیکر کا پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون پراطمینان کا اظہار
April 30, 2024

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطیر سے آج (منگل)اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کو اپنے عوام کے فائدے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا چاہئے۔

دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان روابط کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ دونوں ملکوں کو قریب لانے کیلئے پارلیمانی سفارتکاری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

اس موقع پر قطری سفیر نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور قطری قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔