Saturday, 04 January 2025, 03:13:21 pm
 
قابل اعتماد اور درست اعداد و شمار زرعی انقلاب کیلئے ضروری ہیں،احسن اقبال
January 01, 2025

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ساتویں زرعی مردم شماری کے نتائج اگست تک دستیاب ہوں گے۔

زرعی مردم شماری سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں جدید زرعی انقلاب لانے کے لیے درست پالیسیوں کی تشکیل کے لیے قابل اعتماد اور درست اعداد و شمار انتہائی ضروری ہوں گے۔

احسن اقبال نے پاکستان بیورو آف شماریات کو ڈیجیٹل مردم شماری کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد مشق کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اس کام کے لیے افرادی قوت فراہم کرنے پر صوبوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی ملک ترقی کے نئے سفر پر گامزن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبے اُڑان پاکستان کا آغاز کیا۔

انہوں نے اجتماعی کوششوں کے ذریعے ملک کو نئی اقتصادی بلندیوں تک پہنچانے، پسماندگی، غربت اور بے روزگاری سے نجات دلانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔