Saturday, 04 January 2025, 03:24:19 pm
 
وزیراعظم کا اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے برآمدات بڑھانے کی ضرورت پر زور
January 01, 2025

 وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے برآمدات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے آج(بدھ کو) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک میں اقتصادی استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا وقت آ گیا ہے کہ ہم ترقی کی راہ پر آگے بڑھیں۔

اڑان پاکستان کے اجرا کو ایک اہم پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ یہ نئے سال کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا تاہم انہوں نے ان اہداف کے حصول کیلئے محنت اور لگن کی ضرورت پرزور دیا۔انہوں نے اقتصادی منصوبے کی تیاری میں وزارتوں کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں غیرملکی ترسیلات زر پندرہ ارب ڈالرز ہوگئیں اور یقین ظاہر کیاکہ یہی رجحان جاری رہا تو سا ل کے اختتام پر یہ تاریخی پینتیس ارب ڈالرز تک پہنچ سکتی ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کو بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دوسال کے عرصے کے لئے بطور غیرمستقل رکن اپنی مدت آج شروع کر رہا ہے۔ کابینہ نے سفارتی محاذ پر پاکستان کی اس کامیابی کو سراہا۔

وزیراعظم نے گزشتہ تین ماہ کی گوادر بندرگاہ کے ذریعے کی گئی سرکاری شعبے کی درآمدات کی تفصیلات اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں انفارمیشن گروپ کے افسروں کی تعیناتی کے بارے میں قواعدو ضوابط کی منظوری دی تاکہ تعیناتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔

کابینہ اجلاس میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ٹھٹھہ کی رجسٹریشن کی بھی منظوری دی گئی۔