سیاسی رابطوں کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی مشیر شہبازگل نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبے کا مقصد ماحول کو محفوظ کرنا، زیرزمین پانی کی آلودگی سے نمٹنا اوردریائے راوی کو نئی زندگی دینا ہے ۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ راوی سٹی پراجیکٹ ایک لاکھ دوہزار ایکڑ زمین پر محیط ہے اوراس میں پانی صاف کرنے کے سات پلانٹ نصب کئے جائیںگے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے میں نالج سٹی کا قیام بھی شامل ہے جس میں گیارہ یونیورسٹیوں نے اپنے کیمپس کھولنے کیلئے دلچسپی کااظہارکیا ہے جس میں آٹھ مقامی اور تین باہر کے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔شہبازگل نے کہاکہ منصوبے کو بغیر قرضہ لئے ملکی ذرائع کے ذریعے مکمل کیاجائے گا اور یہ استحکام کی بہترین مثال ہوگی۔انہوں نے کہا کہ راوی سٹی پراجیکٹ ملک کا پہلا گرین سٹی منصوبہ ہے ۔