Friday, 22 November 2024, 11:45:42 pm
 
ہم پاکستانی کاروباری برادری کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ سمجھتے ہیں:شوکت ترین
November 01, 2021

مشیر خزانہ شوکت ترین نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ترقی اور جدت کے لئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سمیت تاجروں کو سہولت اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی کاروباری برادری کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ سمجھتے ہیں اور یہ تاجر اور صنعتکار پاکستان کا مستقبل بنائیں گے۔پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کے بارے میں مشیر خزانہ نے کہا کہ اس سے ہماری کاروباری برادری کو نئی منڈیوں تک رسائی اور برآمدات کے فروغ کیلئے فائدہ ہو گا۔شوکت ترین نے کہا کہ حکومت پاکستان کو علاقائی تجارت اور راہداری کا مرکز بنانے کے ایجنڈے پر مستعدی سے عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں TRANSPORTS INTERNATIONAUX ROUTIERS معاہدے کو فعال بنا کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے اور ترکی اور ازبکستان کیلئے راہداری کھیپ روانہ کی گئی ہیں۔مشیر خزانہ نے کہا کہ سنگل ونڈو سے علاقائی تجارت کے فروغ کی ہماری صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور رقوم کی غیر قانونی ترسیل سمیت مالیاتی جرائم کے سدباب میں مدد ملے گی۔