وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی وفاقی دارالحکومت میں امن خراب کرنے اورقومی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کو چھپانے کیلئے جھوٹی خبریں پھیلاتے ہوئے جعلی پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
انہوں نے آج(اتوار کی) شام اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت اپنے مذموم سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے مظاہرین پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیدھے فائر کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے دعوؤں کو بھی مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے تعینات کئے گئے تھے جن کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے برعکس مظاہرین میں پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کی قیادت میں خطرناک مجرم اور تربیت یافتہ افراد موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیرقانونی احتجاج تھا کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی اجازت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر اس لشکر کشی سے قومی معیشت کویومیہ 192ارب روپے کا خسارہ ہوا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ جعلی پروپیگنڈا اس لئے کر رہے ہیں کہ وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے مظاہرین پر اسلحے کا استعمال کرنے کے حوالے سے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کیلئے کسی قسم کا ویڈیو ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔