وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کے حصول کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔وہ آج (بدھ) اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیاتی استحکام میں ٹیکس اصلاحات کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مجموعی قومی پیداوار کی شرح کے تناسب سے ٹیکس وصولیوں کی مد میں نو سے دس فیصد کی سطح پر ہے مگر ہم نے اس سطح میں بہتری کیلئے آئندہ تین سالوں میں تیرہ اعشاریہ پانچ فیصد کا ہدف مقرر کیا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجٹلائزیشن کا مقصد شفافیت میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے تفصیلی طور پر بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے مرحلہ وار ڈیزائن کی منظوری کیلئے رواں سال ستمبر میں وزیراعظم شہبازشریف کو ارسال کی جا چکی ہے اور اب ہم اس پر عملدرآمد کے مرحلے میں ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس چوری اور وصولی کے فرق کو ختم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی تاکہ عام آدمی مشکلات کا شکار نہ ہو۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی ضابطوں پر پوری طرح عملدرآمد کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عدالتی نظام میں ایسی کوئی چیز نہیں جو عالمی معاہدوں کے برخلاف ہو۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں منصفانہ عدالتی کارروائی کو مکمل یقینی بنایا گیا ہے اور آئین میں یہ واضح طور پر درج ہے۔