سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائیوں میں خوارج کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع بنوں کے علاقہ بکہ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوںکو موثر طور پر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ عسکریت پسند ہلاک جبکہ نو زخمی ہو گئے۔
تاہم آپریشن کے دوران سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع خیبرکے علاقہ SHAGAI میں بھی ایک کارروائی میں تین خوارج کو واصل جہنم کر دیا گیا جبکہ دو کو سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنے فوجی دستے کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا انتہائی جرات مندی سے مقابلہ کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
یہ خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کیخلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں کسی خارجی کی موجودگی کی صورت میں خوارج کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔