بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اتوار کو یوم حق خودارادیت منانے کی اپیل کی ہے۔
ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے اپنے عزم کی تجدید کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کااپنا وعدہ پورا کرے۔
انیس سو انچاس سے پانچ جنوری انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کو تسلیم کیاگیاتھا۔ اس دن دنیا بھر میں ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور اقوام کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانے اور گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے کشمیریوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے اسکی ذمہ داری یاد دلائی جائیگی۔