Thursday, 02 January 2025, 01:24:03 pm
 
عالمی برادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی،جنگی جرائم کا نوٹس لے،حریت کانفرنس
December 29, 2024

 کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاو نی میں تبدیل کردیاہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالرشید منہاس نے کشمیرمخالف پالیسیوں پر گہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے ایک بیان میں علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں اور جھوٹے الزامات پر نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں ہماچل پردیش کے علاقے بلاس پور میں کشمیری شال بیچنے والوں کو حراساں کرنے اور دھمکانے کی بھی مذمت کی گئی۔

عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا نظریئے کی حامی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں جو کشمیریوں پر مظالم ڈھانے اور انہیں سزائیں دینے پر خوشی محسوس کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نہتے لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو ظالمانہ قوانین کے تحت گرفتار کر رہی ہے جسے ظالمانہ قوانین کے تحت مکمل چھوٹ ملی ہوئی ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری خصوصاً انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی جاری ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے اقدامات کرے اور کشمیریوںکے خلاف بھارتی فوج کے جنگی جرائم پراس کا احتساب کرے۔