Friday, 22 November 2024, 06:38:50 pm
 
حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کی بہبود کیلئے جلد کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز کریگی ، وزیراعظم
August 02, 2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کی بہبود کے لئے جلد کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے یہ بات پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں انٹیریئر،تعمیرات اور الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کی تین روزہ ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ہر خاندان کے ایک فرد کو فنی تربیت اور صحت کارڈ اور بلاسود قرضہ دیا جائیگا۔عمران خان نے کہا کہ ان کا وژن نادار افراد کو غربت سے نجات دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمدات کی صنعت کو مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے فنڈز فراہم کئے جا سکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سستے گھر بنانے کا پروگرام شروع کیا ہے تاکہ کم آمدن والے افراد کو اس قابل بنایا جا سکے کہ ان کا اپنا گھر ہو۔انہوں نے کہا کہ سستے گھر تعمیر کرنے والی پالیسی سے تعمیرات کی صنعت کو فروغ ملے گا۔عمران خان نے کہا کہ عالمی حدت کے اثرات سے نمٹنے کے لئے ملک میں جنگلات کو فروغ دینا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہر کا ماسٹر پلان ہو گا اور شہروں میں درخت لگانے کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔