قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیائی ملکوں سمیت دنیا کے ممالک کے ساتھ شراکت کے ذریعے اپنی جغرافیائی اور معاشی حیثیت بہتر بنارہا ہے۔
آج اسلام آباد میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ سلامتی کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخطوں کے بعد ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ یہ معاہدہ سیاحت کے فروغ، منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں تعاون کے حوالے سے معاون ثابت ہوگا۔
افغانستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان اور ازبکستان کا نکتہ نظر یکساں ہے۔
افغانستان میں موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے عالمی معیشتوں پر زوردیا کہ وہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کےلئے افغان عوام کی مدد کریں۔