Thursday, 26 December 2024, 03:19:42 pm
 
وزیراطلاعات نے پی ٹی آئی کا پروپیگنڈاواضح طورپرمستردکردیا
December 02, 2024

اطلاعات و نشریات کے وزیر عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی جانب سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ مظاہرین کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی براہ راست فائرنگ کی کوئی ایک ویڈیوبھی سامنے لائے ۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی ہی تھی جو پیشہ ور مجرموں اور افغان شہریوں کو احتجاج میں لائی جس کامقصد پورے شہر میں خونریزی پھیلانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے کسی بھی اہلکار کو براہ راست فائرنگ کی اجازت نہیں دی گئی اور آخری کال کے نام سے اپنی رسوائی اور سیاسی ناکامی کو چھپانے کے لیے جعلی ویڈیوز اور تصاویر پھیلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح مظاہرین کی شناخت ویڈیو شواہد کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ملک میں پرتشدد مظاہروں کا ٹریک ریکارڈ ہے اور جب بھی غیر ملکی وفد کا ملک میں دورہ ہوتا ہے تو وہ احتجاج کی کال دیتی رہی ہے۔