اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس نے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بلا روک ٹوک رسائی ،تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی، جنگ بندی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے غزہ میں بڑھتی ہوئی جنگی کارروائیوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد سے بچوں اور خواتین سمیت ایک ہزار سے زائد افراد کی مبینہ ہلاکت کی مذمت کی ہے۔
انہوںنے کہا کہ شدید اسرائیلی بمباری اور زمینی حملوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور صر ف گزشتہ دو دنوں میں رفاع سے ایک لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے گزشتہ ماہ کی تیئس تاریخ کو اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک طبی اور ہنگامی امداد کے قافلے پر حملے پر دکھ کا اظہار کیا جس میں غزہ میں پندرہ طبی اہلکار اور امدادی کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی قوانین کے مطابق تنازعات کے دوران طبی عملے اور امدادی کارکنوں کی حفاظت تمام فریقین کیلئے لازم ہے۔
اکتوبر2023 کے بعد سے غزہ میں کم از کم چار سو آٹھ امدادی کارکن ہلا ک کئے گئے ہیں جن میں سے کم از کم 280 اقوام متحدہ کے عملے کے ارکان تھے۔