بین المذاہب ہم آہنگی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی نمائندے مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے آئندہ دورے کے دوران سعودی قیادت سے مشاورت کرینگے۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری سے بھی بات چیت کرینگے اور ان کے مسائل سعودی حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج مسلم ممالک کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں ناموس رسالت سے متعلق امور پر متفقہ بیانیہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف نہایت واضح ہے اور پاکستان ان معاملات پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔