Monday, 02 December 2024, 08:09:34 pm
 
بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی، دو کشمیری نوجوان شہید
June 03, 2024

فائل فوٹو

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج (پیر) کو ضلع پلوامہ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

بھارتی فوجیوں ،پیراملٹری فورسزکے اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے نہامہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فوجیوں نے علاقے میں دھماکہ خیز مواد سے ایک مکان کو بھی تباہ کر دیا جس کے ملبے سے نوجوانوں کی لاشیںبرآمد کی گئی ہیں ۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو ہراساں کرنے اور انکی حق پرمبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے فوج اوربدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کوہندوتوا کے آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں خبردار کیاکہ جموں و کشمیر کے بارے میں فوجی طاقت کے استعمال کی بھارت کی پالیسی سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے ۔

ادھر قابض انتظامیہ نے لوک سبھاانتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے تمام اضلاع اور قصبوں میں پابندیوں کو مزید سخت کردیاہے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی کی زیرسرپرستی بھارتی حکومت نے کل ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر تمام اضلاع اور قصبوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

چیف الیکشن آفیسر PANDURANG K.POLE کے مطابق سیکیورٹی انتظامات میں مقامی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے علاوہ داخلے کی سخت شرائط شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر قیادت بھارتی حکومت جاری تحریک آزادی کو دبانے اور کشمیری عوام کو دھمکانے کیلئے اپنی مسلح افواج اور خفیہ اداروں کو ہندوتوا کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزرو پولیس، سپیشل آپریشن گروپ اور خفیہ ایجنسیوں NIA اور SIA کے اہلکار مقبوضہ جموں و کشمیر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار رہے ہیں اور مقامی رہائشیوں کو شدید حراساں کر رہے ہیں۔