وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چوبیس نومبر کے دھرنے میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو ہلاک یا زخمی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
وہ اسلام آباد میں امن و امان کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر قائم ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ بیلا روس کے صدر کے دورے کے دوران فساد برپا کرنے والوں نے دارالحکومت پر حملہ کیا جس سے ہمیں بہت شرمندگی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی
کی پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ عصری عالمی معیار کے مطابق جدید طرز کی انسداد فساد فورس قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک فرانزک لیبارٹری کو سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ احتجاج کی جگہ سے ملنے والے ہتھیار،گولہ بارود اور دیگر مواد کو تجزیے کیلئے فرانزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔