Thursday, 26 December 2024, 03:51:30 pm
 
وزیراعظم ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ
December 03, 2024

وزیر اعظم محمد شہباز شریف ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔

سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کی مشترکہ پہلی سمٹ کا مقصد عالمی تعاون کو فروغ دینا اور اعلی سطحی سیاسی عزم کے ذریعے آبی وسائل کے انتظام کے لیے مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔

سربراہی اجلاس میں، وزیر اعظم ایک گول میز سے خطاب کریں گے جس میں تازہ پانی کے وسائل اور آبی زمینوں کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ دی جائے گی۔ وہ پاکستان کی طرف سے پانی کے تحفظ کو فروغ دینے، آب و ہوا کی لچک کو مضبوط بنانے، پانی کے معیار کو بہتر بنانے، ذریعہ معاش پیدا کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گئے۔

وزیر اعظم آب و ہوا کی وجہ سے آنے والے سیلابوں، غیر معمولی اور انتہائی موسمی نمونوں اور آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر گرمی کے دبا ئو کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیں گے۔

سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے رہنمائوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔