Friday, 22 November 2024, 04:04:51 pm
 
پاکستان اور برطانیہ کا تعلقات کو نئی سطح تک بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ
September 04, 2021

پاکستان اور برطانیہ نے تعلقات کو موجودہ تذویراتی مذاکرات سے نئی سطح تک بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اعادہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں یہ اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مستحکم دو طرفہ تعلقات میں خصوصاً معیشت اور تجارت کے شعبوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔افغانستان کی تازہ ترین صورتحال ،پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے انسانی ضرورتوں کو پورا کرنے اور پناہ گزینوں کے کسی بھی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان میں معاشی استحکام یقینی بنانے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں عالمی برادری کو موثر اقدامات اورعملی سوچ اختیار کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام کیلئے معاشی امداداور جنگ زدہ ملک کی تعمیر نو کیلئے تعاون کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔