Tuesday, 07 January 2025, 12:22:15 pm
 
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا97 واں یوم پیدائش
January 05, 2025

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا ستانوے واں یوم پیدائش اتوار کو منایا گیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے گڑھی خدابخش بھٹو میں ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر پارٹی قیادت کی جانب سے ملک بھر میں کیک کاٹنے کی تقریبات بھی ہوئیں۔

ذوالفقار علی بھٹو آج کے دن انیس سو اٹھائیس میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے انیس سو سڑسٹھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔ وہ انیس سو اکہتر سے انیس سو تہتر تک صدر پاکستان اور انیس سو تہتر سے انیس سو ستتر تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔

ادھر اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے ایک پیغام میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک روشن خیال رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کی تقدیر بدل دی ، وہ بے کسوں کی آواز تھے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے علمبردار تھے اور وہ آمریت اور ظلم کے خلاف ڈٹے رہے۔