کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے جدوجہد آزادی کے لئے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرنے پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو سراہاہے۔
انہو ں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ مشکلات اور چیلنجز غلامی سے آزادی کی طرف سفر کا ایک لازمی حصہ ہیں۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کے حصول میں اپنے اجتماعی مفادات کا دفاع کرتے رہیں گے۔
شبیر احمد شاہ نے عالمی مسلم برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فعال کردار اداکرے۔
ادھر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے58 ویں اجلاس کے موقع پر انٹرنیشنل ایکشن فار پیس اینڈسٹین ایپل ڈویلپمنٹ اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیراہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
سپیکر نے تنازعہ کشمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے تنازعے نے خطے میں ماحولیاتی بحران بنیادی طور پر سیاسی تنائو کے پیش نظر ماحولیاتی خدشات کو نظرانداز کرنے میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔
ماحول کے حوالے سے حساس کشمیر کے علاقے میں بڑی تعداد میں فوج کی تعیناتی کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے ساتھ حساس ماحولیاتی علاقوںمیں فوج کی تعیناتی اور بھاری اسلحے کے استعمال سے گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں' جنگلات ختم ہو رہے ہیں' پانی کی کمی ہو رہی ہے اور قدرتی ماحول کو نقصان پہنچ رہاہے۔