کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے رائے شماری کے حق کو دبا نہیں سکتا۔
حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ایک سیاسی تنازع ہے جسے فوجی طاقت سے حل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرانے دھمکانے' مظالم اور کالے قوانین سے کشمیریوں کو ان کی تحریک آزادی منطقی انجام تک پہنچانے سے روکا نہیں جاسکتا۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر خطرناک ہتھیاروں سے لیس فوج تعینات کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں غیرکشمیریوں کی آباد کاری پر بھی تنقید کی۔
حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔حریت کانفرنس نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ان قیدیوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔