پاکستان نے تحریک طالبان پاکستان، نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ جیسے دہشتگرد گروپوں کے پاس جدید غیر قانونی ہتھیاروں کی موجودگی اور استعمال پر گہری تشویش ظاہر کی۔
اس تشویش کا اظہار پاکستانی مشن کے قونصلر سید عاطف رضا نے نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں قومی بیان دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار غیر قانونی طور پر مسلح دہشتگرد گروپوں کے قبضے میں ہیں جو پاکستان میں شہریوں اور مسلح افواج کے خلاف استعمال کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان دہشتگرد عناصر کو ہمارے مخالفین کی طرف سے حمایت اور مالی امداد بھی مل رہی ہے۔پاکستانی مندوب نے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ چھوڑے گئے ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ واپس حاصل کریں، دہشت گردوں تک ان کی رسائی روکیں اور غیر قانونی ہتھیاروں کی اس پھیلتی ہوئی منڈی کو بند کرنے کیلئے اقدامات کریں۔