امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلرنے کہا ہے کہ متعدد امریکی کمپنیاں پاکستان میں تجارتی اور معاشی مواقع سے استفادہ کرنے کی خواہاں ہیں۔انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیر خزانہ شوکت ترین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جغرافیائی معیشت پر توجہ کو سراہا اور کرونا وائرس وبا کے دوران اپنے ملک کی جانب سے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی وسیع البنیاد اور کثیرجہتی تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی ‘ معاشی اورتجارتی روابط کے باعث دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔وزیرخزانہ نے ملک کے روشن مستقبل کے لئے اہم معاشی اصلاحات اور بڑے اقتصادی استحکام کے نفاذ میں حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔