Friday, 22 November 2024, 04:51:16 pm
 
پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ملک ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ
July 05, 2021

فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس ایسے مضبوط کثیر الجہتی تعلقات قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جو نہ صرف قومی مفاد بلکہ علاقائی اور عالمی امن اور سلامتی کے لئے سود مند ثابت ہوں۔

پیر کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ملک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات میں اعلیٰ سطح کے وفود کے دورے اہم حصہ ہیں۔اس ماہ میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دونوں جانب سے اجلاس کی سطح پر دوروں کی دعوت دی گئی ہے تاہم ایسا کوئی بھی دورہ طے نہیں ہے۔

ادھردفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ سعودی عرب کے لئے پروازیں معطل ہونے کی وجہ سے افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے نے ٹرانسپورٹ، خوراک اور نقد رقوم کی مد میں بھی موثر انتظامات کئے ہیں جن کا مقصد ان پاکستانیوں کو واپسی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کا پہلا گروپ گزشتہ روز زمینی راستے سے واپس روانہ ہوا تھا۔