فائل فوٹو
قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان ، افغانستان میں حکومت کی جبری تبدیلی کو قبول نہیں کرے گا اورتنازع کے صرف سیاسی حل کی حمایت کرے گا ۔
انہوں نے یہ بات امریکی انتظامیہ کے ساتھ ایک ہفتے کے مذاکرات کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہاکہ ہم نے یہ بات بالکل واضح کردی ہے کہ ہم افغانستان کے مسئلے پر عالمی برادری کے ساتھ ہیں۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ پاکستان افغان حکومت سے بہترین تعلقات چاہتا ہے تاہم افغان حکومت کی طرف سے پاکستان کے خلاف سخت اور تاروا بیان بازی دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم رکھنے میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔انہوں نے افغانستان کی حکومت اور طالبان پرزوردیا کہ وہ سمجھوتہ اور امن تصفیہ کریں۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ بائیڈن انتظامیہ سے بات چیت کے دوران ہم نے اس بات پر تبادلہ خیال کیاکہ تمام فریقوں کو کس طرح فوری طورپر مذاکراتی میز پرلایاجاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اب مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کا متحمل نہیں کیونکہ پاکستان میں پہلے ہی تقریبا 35 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں۔