Tuesday, 21 January 2025, 8:32:57 pm
 
اسلام آباد میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا
August 05, 2024

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بارے میں پانچ اگست دو ہزار انیس کے بھارتی حکومت کے غیر آئینی اقدام کے خلاف احتجاج کیلئے آج صبح شاہراہ دستور پر یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال پہلے کیا گیا یہ فیصلہ بھارتی حکومت کی طرف سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی ادارے کے منشور کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کا علمبردار سمجھتا ہے تو اسے غیر ملکی مبصرین کو مقبوضہ علاقے تک رسائی کی اجازت دینی چاہئے تاکہ وہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کا مشاہدہ کرسکیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت ملنے تک ان کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبا نہیں سکتا اور اسے رائے شماری کا اعلان کرنا چاہئے۔

وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنے تک تنازع کشمیر زندہ رہے گا۔