پاکستان کی مسلح افواج بہادر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں انکے ساتھ کھڑی ہیں۔
اس عزم کا اظہار فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آج(پیر) کی سہ پہر راولپنڈی میں یوم استحصال کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے غیر قانونی بھارتی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بین الاقوامی قوانین سے کھلا انحراف اور علاقائی امن کیلئے شدید خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج یوم استحصال کے موقع پر کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔
احمد شریف چودھری نے مسلح افواج کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں کو جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تئیس ہزار چھ سو بائیس کارروائیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کے ساتھ ملکر روزانہ سو سے زائد کارروائیاں کررہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے مہمند اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی خارجی عناصر کو ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ایک سو انتالیس افسروں اور اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو اپنے بہادر فرزندوں پر فخر ہے اور وہ ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
احمد شریف چودھری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اقدامات کے علاوہ مسلح افواج ملک کے مختلف حصوں خصوصا خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد کے ذریعے ان علاقوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک مرکزی ادارے کی تشکیل کی اشد ضرورت ہے جو سرحدوں پر سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کام کرے۔
فوجی ترجمان نے بیرون ملک مقیم ڈیجیٹل دہشتگردوں کو خبردار کیا کہ وہ مالی فوائد کیلئے پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔