Wednesday, 15 January 2025, 06:33:49 am
 
وزیراعظم کا آئی ٹی برآمدات بڑھانے سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار
January 14, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران آئی ٹی برآمدات کوپچیس ارب ڈالر تک بڑھانے سے متعلق اقدامات پر اطمینان ظاہر کیاہے۔

انہوں نے آج(منگل کو) اسلام آباد میں آئی ٹی کے شعبے سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک میں فائبر آپٹکس کے ذریعے براڈ بینڈ سروسز کو فروغ دینے کے لئے موجودہ رائیٹ آف وے قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کی ہدایت کی۔

شہبازشریف نے نوجوانوں کو عالمی منڈی کی طلب کے مطابق آئی ٹی کی تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکیں۔

انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان آنے کے خواہشمند تاجروں کو ویزے کے حصول میں سہولت دینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کی تشہیر کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کیلئے آئی ٹی کا بنیادی ڈھانچہ مزید بہتر بنایا جائے۔

اجلاس کو آئی ٹی کی برآمدات پچیس ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کوبتایاگیاکہ عوام کی سمارٹ فون تک رسائی' براڈ بینڈ خدمات کو مزید علاقوں تک پھیلانے' انٹرنیٹ کی رفتاربڑھانے اور دیگر اہداف پورے کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ ملک میںآئندہ دو سال میں فری لانسرز کی تعدادچودہ لاکھ سے بڑھ کر بیس لاکھ ہو جائے گی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسی پر مشاورت جاری ہے اور اسے اگلے ماہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔