پاکستان اور چین نے دہشتگردی کی تمام اقسام کو ختم کرنے اور اسے قطعی طورپر برداشت نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار بیجنگ میں صدر آصف علی زرداری کی صدر شی چن پنگ ، وزیراعظم لی چیانگ، نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ZHAO LEJI سمیت چینی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چینی شہریوں پر دہشت گردی کے حملوں کی مکمل تحقیقات کی تمام ممکنہ کوششیں کرے گا اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔
پاکستان صدر شی چن پنگ کی جانب سے پیش کئے گئے عالمی ترقیاتی منصوبے ، عالمی سکیورٹی اقدام اور عالمی تہذیب کے اقدام کا معترف ہے اوراس کی حمایت کرتا ہے۔
چین نے دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستان کی ان تھک کوششوں اور بے شمار قربانیوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تمام ضروری تعاون فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔
چینی قیادت نے پاکستان کے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے"اڑان پاکستان" کو سراہا۔
بیان میں کہا گیا کہ چین پاکستان کی تعاون پر مبنی سدا بہار تذویراتی شراکت داری عوام کا تاریخی فیصلہ ہے جسے دونوں ممالک میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں زبردست پذیرائی اور حمایت حاصل ہے ۔