ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار محمد قوی خان طویل علالت کے بعد رات کینیڈا میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر80برس تھی۔ پشاور میں پیدا ہونے والے محمد قوی خان نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان پشاور سے ڈرامہ اداکار کے طور پر کیا اور بعد میں 1964 ء میں پاکستان ٹیلی ویژن نے لاہور سے اپنی نشریات کا آغاز کیا تو وہ لاہور منتقل ہوگئے۔انہوں نے پی ٹی وی لاہور کے پہلے ڈرامے نذرانہ میں بھی مرکزی اداکار کے طور پر کام کیا اور بعد میں اندھیرا اجالا، دن اور پی ٹی وی سے نشر ہونے والے مختلف ڈراموں میں بھی تاریخی کردار ادا کیے۔انہوں نے متعدد فلموں میں بھی کام کیا اور سلور سکرین پر اپنی اداکاری کا منفرد انداز قائم کیا۔حکومت پاکستان نے اداکاری کے میدان میں بہترین خدمات کے اعتراف میں ان کو ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معروف اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ایک بیان میں انہوںنے قوی خان کی موت کو اداکاری کے شعبے کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ادھر وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی نامور اداکار قومی خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار محمد قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ایک بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جائے گا۔ صدر مملکت نے قوی خان کی موت کو اداکاری کے شعبے کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔