Monday, 30 December 2024, 09:59:35 pm
 
واشنگٹن : پاکستانی سفارتخانے کی 11ویں ونٹرنیشنل فیسٹیول 2024 میں ثقافتی ورثے کی نمائش
December 07, 2024

دنیا بھر سے 60 سے زائد سفارت خانوں نے اس عالمی ایونٹ میں اپنی ثقافت کی نمائندگی کی، پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کو تاریخ اور ثقافت کا ایک بھرپور ذخیرہ قرار دیا۔ سفارت خانہ پاکستان نے ونٹرنیشنل فیسٹیول 2024 کے 11ویں ایڈیشن میں شرکت کی، جس میں پاکستان کے متحرک رنگوں، بھرپور ثقافت اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا گیا۔ یہ ایونٹ واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن بلڈنگ میں منعقد ہوا، جس میں 60 سے زائد سفارت خانوں نے اپنی منفرد روایات، کھانوں اور ثقافتی ورثے کی نمائش کی۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ نے اس ایونٹ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جن میں پاکستانی پویلین بھی شامل تھا۔انہوں نے شرکا اور وزیٹرز کے ساتھ بات چیت بھی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، سفیر رضوان سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے فیسٹیولز ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے اور قوموں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ونٹرنیشنل جیسے ایونٹس کمیونٹیز کے درمیان ایک اہم رابطہ کا کردار ادا کرتے ہیں، جو فنون اور ثقافت کے عالمی ذرائع کے ذریعے یکجہتی اور تفہیم کو فروغ دیتے ہیں۔

پاکستانی اسٹال فیسٹیول میں ایک نمایاں کشش بن کر ابھرا، جس نے اپنی لذیذ پکوان، دلکش ٹرک آرٹ کی نمائش، اور ہاتھ سے تیار قیمتی پتھروں کے زیورات کے شاندار مجموعے کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

پاکستان کو تاریخ اور ثقافتی ورثے کا خزانہ قرار دیتے ہوئے، سفیر رضوان سعید نے شرکا کو ملک کی خوبصورتی اور ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی جو سٹال پہ اس کے دستکاری اور کھانوں میں جھلکتی ہے۔

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ "پاکستان تاریخ اور ثقافتی ورثے کے ایک عظیم ذخیرے کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی مثال آج ہم اپنے فن پاروں اور نمائشوں میں پیش کر رہے ہیں۔پاکستانی سفارت خانہ ،ملک کے بھرپور ورثے کو اجاگر کرنے اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے روابط استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سفیرپاکستان رضوان سعید شیخ نے عالمی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے ونٹرنیشنل کے منتظمین کی محنت کو سراہا۔اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی سکریٹری کمبرلی اے باسیٹ نے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی میئر موریل بازر کی طرف سے ایک سرکاری اعلان پیش کیا، جس میں 5 دسمبر کو واشنگٹن، ڈی سی میں یومِ سرما کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔

فرسٹ سیکریٹری افراح طارق، پریس اور کلچر اتاشی ضیغم عباس، ہیڈ آف چانسیری ڈاکٹر طاہر جمیل اور سفارت خانے کے عملے نے اس میگا سالانہ تقریب میں پاکستان کی شاندار ثقافتی موجودگی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔