Friday, 22 November 2024, 03:12:56 pm
 
گوادر فری زون دوسرے مرحلے میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری متوقع ہے،اسد
July 06, 2021

منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ گوادر فری زون کے دوسرے مرحلے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس کا ا فتتاح گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کیا ہے۔گوادر میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں نے اس زون میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے یہ زون پہلے مرحلے کے زون سے 35 گنا بڑا ہے۔منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نومبر میں چھ سو ارب روپے مالیت کے جنوبی بلوچستان پیکج کا اجراء کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال اس پیکج کے 53 منصوبوں کو ترقیاتی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر صوبہ بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام بلوچستان کی حکومت کی شراکت سے کئے جا رہے ہیں۔