Friday, 22 November 2024, 09:02:56 am
 
حکومت دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے، وزیراعظم
November 21, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے ایک سینئر افسر اعجاز حسین کی جانب سے ٹیکس فراڈ کی کوشش کی بروقت نشاندہی اورکارروائی کے اعتراف میں ان کے لئے پچاس لاکھ روپے انعام کااعلان کیا ہے۔

وہ ایف بی آر کے آفیسرز سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے آج(جمعرات کو) اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے ایف بی آر کے آفیسر اعجازحسین کی فرض شناسی کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم کوبتایاگیا کہ سیلز ٹیکس چوری کیلئے ایک 80 برس کی خاتون کے کوائف کو استعمال کیاگیا انہیں بتایا گیا کہ چار مارچ دوہزار چوبیس کو ایف بی آرکے سینئر افسر اعجازحسین نے ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی نشاندہی کی۔ سیلز ٹیکس فراڈ کی اس کوشش میں ابتدائی طور پر سینتیس کروڑ منتقل بھی ہوا جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے۔ ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

وزیراعظم نے اعجازحسین کی فرض شناسی پر انہیںا عزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اطمینان بخش امر ہے کہ ایف بی آر اصلاحات کے مثبت نتائج کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غریب عوام کے ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنیوالوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکس پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف قانون کے شکنجے کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اعجاز حسین نے اس احسن اقدام سے ملک و قوم کی خدمت کی ہے جو لائق تحسین ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ٹیکس فراڈ کی اس مذموم کوشش کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور ایف بی آر ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر اور ان کی معاونت کرنے والوں کو سزا دلوانے کیلئے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کے لئے ٹیکس بیس میں اضافے کے حوالے سے ترجیجی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائزیشن سے مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام ہوسکے گی۔