Monday, 16 September 2024, 11:55:31 pm
 
حکومت آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے پر ترجیحی بنیاد پر کام کر رہی ہے، وزیراعظم
August 07, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت ملک کی آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے پر ترجیحی بنیاد پر کام کر رہی ہے۔

وہ آج(بدھ) کو اسلام آباد میں گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشن ایسوسی ایشن کے ایشیا بحرالکاہل کے سربراہJULIAN GORMAN کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے چار رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں کی ترقی کے لئے ریکارڈ بجٹ مختص کیاہے۔

وزیراعظم نے کہا ان کی حکومت کا نصب العین ہے کہ ہر شخص کے پاس اپنا سمارٹ فون ہو، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ ہو اور ہر کاروباریادارے میں کیو آر کوڈ کی سہولت موجود ہو۔شہبازشریف نے کہا کہ عام آدمی کو انٹرنیٹ کی بہتر سہولت تک رسائی یقینی بنانے ، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ای گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارت اور جدت پسندی اور کاروبار کے رجحان کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس ایم اے کا ڈیجیٹائزیشن اقدامات کے حوالے سے کلیدی کردار ہے۔

وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور دنیا بھرمیں ٹیلی مواصلات کی خدمات کے فروغ میں جی ایس ایم اے کے کردار سے آگاہ کیا۔