صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے یہ بات آج(جمعرات) اسلام آباد میں لارڈواجد خان سے ملاقات میں کہی۔صدر نے گزشتہ بیس سال کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں بھی اجاگر کیں۔افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے انسانی ہمدردی بنیاد پر مدد اور تعاون کیا اور بارہ ہزار سے زائد افغان اور غیر ملکی باشندوں کے وہاں سے انخلاء میں سہولت فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار عشروں سے تیس لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اس نے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔صدر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانے پر لارڈواجد کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے عوام کے خلاف جاری ظلم وتشدد اور دہشتگردی کا نوٹس لے اور ہٹ دھرمی اور متکبرانہ طرز عمل پر بھارت کا احتساب کرے۔