سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بولی کے ذریعے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ لاہور کے صرف پانچ پلاٹوں کی نیلامی سے اکیس ارب اسی کروڑ روپے کی آمدن حاصل کی ۔
وہ آج (جمعرات)اسلام آباد میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عمران امین کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر پہلا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ لاہور میں قائم کیاگیا یہ منصوبہ بغیر کسی قرض کے شروع کیاگیا اوراس سے پنجاب حکومت کو پندرہ سو ارب روپے کی آمدن حاصل ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ روزگار کے دو لاکھ پچاس ہزار نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔شہبازگل نے کہاکہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اورراوی ریور منصوبہ موجودہ حکومت کے عوامی فلاحی منصوبے ہیں ، وزیراعظم عمران خان ذاتی طورپر ان کی نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے پر کام کا آغاز پہلے ہی ہوچکا ہے اور یہ لاہور کی 600 کنال سے زائد اراضی پر پھیل چکا ہے ، ترکی کی سب سے بڑی کمپنی BIG ARTER سمیت پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بولی میں حصہ لیا ۔